
پشاور: ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔ ایشیا کپ میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی۔کرکٹ کا بڑا ٹاکرا14 ستمبر کو بھارت اور پاکستان کے بڑے میچ کا امکان ہے ان ٹیموں میں پاکستان، بھارت، افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا شامل ہیں۔ یو اے ای، عمان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ کا حصہ ہپں۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کم از کم دو بار مد مقابل آ ئیں گی تاہم فائنل میں پہنچنے کی صورت میں تیسری بار بھی ٹاکرا ممکن ہے۔ 8ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائیگا جبکہ 4 ٹیمیں سپر فور مرحلہ کھیلیں گی۔ پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہوں گے۔ لیگ میچ کے سپر فور مرحلے اور فائنل میں پہنچنے پر بھی پاکستان بھارت میچز ہو سکتے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کو اپنی حکومت سے ایشیا کپ کھیلنے کی اجازت مل گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کیخلاف میچ کیلئے بھی گرین سگنل مل گیا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کو حکومت سے ایشیا کپ کھیلنے کی اجازت ملنے کے بعد ایشیا کپ کا شیڈول آئندہ 48 گھنٹے میں جاری ہونے کا امکان ہے۔ دھمکیاں دینے والے بھارت کو ایک اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب وہ ایشیا کپ بھی کھیلنے کو تیار ہو گیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پہلا میچ 9 ستمبر کو کھیلا جائیگا ایونٹ کا فائنل اتوار کے روز 28 ستمبر کو ہو گا۔ ایونٹ کا پہلا میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائیگا دوسرا میچ 10 ستمبر کو بھارت اور متحدہ عرب امارات، 11ستمبر کو تیسرا میچ بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ، چوتھا میچ 12ستمبر کو پاکستان اور عمان کے درمیان کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ 17ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ ایشیا کپ میں 20 ستمبر سے سپر فور مرحلے کا آغاز ہو گا۔ 20ستمبر کو بی ون اور بی ٹو کے درمیان میچ ہوگا۔ پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ کو گروپ بی میں شامل کیا گیا ہے۔