
ہمایون خان
پشاور: پاکستان کی قومی گلوبل تائیکوانڈو ٹیم اتوار کی شب پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوگئی، جہاں وہ 22 جولائی سے شروع ہونے والی ورلڈ گلوبل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔ یہ عالمی ایونٹ انٹرنیشنل گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام دبئی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

جس میں دنیا بھر سے مرد و خواتین کھلاڑی شریک ہوں گے۔ قومی ٹیم باصلاحیت، نوجوان اور پرجوش کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو مکمل فارم میں ہیں اور انہوں نے کوچز اور ٹیم مینیجمنٹ کی نگرانی میں سخت اور بھرپور تربیت حاصل کی ہے۔ ٹیم کی قیادت پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور معروف کھلاڑی مسعود آفریدی کر رہے ہیں جنہوں نے کھلاڑیوں کو نہ صرف تکنیکی اعتبار سے تیار کیا بلکہ ان میں بین الاقوامی سطح پر جیتنے کا حوصلہ اور جذبہ بھی پیدا کیا۔ روانگی سے قبل ٹیم کے کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ قوم کی دعاؤں اور اپنی محنت کے بل بوتے پر پاکستان کیلئے میڈلز جیت کر وطن واپس آئیں گے۔ ٹیم مینیجمنٹ کو بھی امید ہے کہ اس مرتبہ پاکستانی ٹیم عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کامیاب رہے گی۔ یاد رہے کہ پچھلے چند برسوں میں تائیکوانڈو کے میدان میں پاکستان نے نمایاں پیش رفت کی ہے، اور اب یہ توقع کی جا رہی ہے کہ ہماری قومی ٹیم عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کا نام روشن کرے گی۔