
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا جناب فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں خصوصاً خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، سرپرستی اور فلاح کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے
تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں پاکستان کی نامور اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا پرچم بلند کرنے والی سکواش کھلاڑیوں ماہ نور (ایشین نمبر ون اور یورپ نمبر ون) اور سحرش (پاکستان نمبر ون) سے ملاقات کے دوران کہی۔
گورنر نے دونوں بہنوں کی مسلسل شاندار کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے کہ ہماری بیٹیاں عالمی سطح پر کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی بچیاں بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہیں،
بس انہیں صحیح وقت پر رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس کی جانب سے ان کھلاڑیوں اور دیگر قابل فخر نوجوانوں کے اعزاز میں ایک خصوصی ایوارڈ شو کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی خدمات کا بھرپور اعتراف کیا جا سکے۔ انہوں نے دونوں کھلاڑیوں کو یقین دہانی کروائی کہ گورنر ہاؤس ان کی ہر ممکن مدد کرے گا اور آئندہ بھی ان کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔