
پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن نے ہانگ کانگ، چین میں اے آئی پی ایس ایشیا کانگریس کے شاندار انتظامات پر حسین المسلم اور چیو چن فائی ریمنڈ کو روایتی کلہ لنگی پیش کی
پشاور: اے آئی پی ایس ایشیاء کے زیراہتمام ہانگ کانگ سپورٹس پریس ایسوسی ایشن کے تعاون سے گذشتہ دنوں ہانگ کانگ،چائنہ میں اے آئی پی ایس ایشیا کی26ویں سالانہ کانگرس کا انعقاد ہوا۔ جس میں پاکستان سمیت ایشیا بھرکے 28 ممالک کے ڈیلی گیٹس نے شرکت کی۔ بنیادی طور پر کانگرس کے انعقاد کا مقصد اپنے ایشیائی ممبرممالک کے ڈیلی گیٹس کی میزبانی کرنا ہوتا ہے تاکہ انہیں میزبان ملک میں کھیلوں کی ترقی و فروغ اور سپورٹس جرنلسٹس کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگہی حاصل ہو۔

کانگرس میں سپورٹس جرنلسٹس کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے۔ رواں سال کانگرس کی میزبانی ہانگ کانگ سپورٹس پریس ایسوسی ایشن نے کی۔ خاص طور پر مسٹر چو چن فائی جو ریمنڈ کے نام سے شہرت رکھتے ہیں ہر کسی کی توجہ کا مرکز تھے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایشیا کی تاریخ میں ایک یادگار کانگرس منعقد کر کے تمام مہمانوں سے خوب پذیرائی حاصل کی اور اس کانفرنس کو کامیاب بنایا۔ کانگرس کی افتتاحی تقریب انتہائی شاندار اور پروقار تھی جس میں ہانگ کانگ چائنہ کی سیکرٹری کلچر، اسپورٹس اینڈ ٹورزم روزانہ لا نے مہمان خصوصی تھی۔ ہانگ کانگ کی ممتاز شخصیت کینتھ فوک، اے آئی پی ایس کے صدر جیانی مرلو اور اے آئی پی ایس ایشیا کے صدر ہی دون جنگ بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب کا آغاز شاندار ثقافتی پروگرام سے ہوا اور روایتی ٹائیگر پرفارمنس کے ذریعہ مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا۔اپنی تقریر میں روزانہ لا نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا انہوں نے ہانگ کانگ کی ابھرتی ہوئی عالمی اسپورٹس حیثیت کو اجاگر کرتے ہوئے 2025 میں شہر کی کامیابیوں کو سراہا۔

اے آئی پی ایس کے صدر جیانی مرلو نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو کھیلوں کی ترقی کے لئے مل جل کر کام کرنا چاہیے۔ اے آئی پی ایس ایشیا کے صدر ہی دون جنگ کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ ہانگ کانگ، چائنہ سپورٹس پریس ایسوسی ایشن نے شاندار کانگرس کا انعقاد کیا ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ26 ویں کانگرس اے آئی پی ایس ایشیا کی تاریخ میں ایک یادگار کانگرس شمار کی جائے گی۔کانگرس کے پہلے دن کی ایک اور خاص تقریب لیجنڈ آف ایشیا ایوارڈز تھے جو ان سینئر صحافیوں کو دئیے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی ساری زندگی سپورٹس جرنلزم کے لئے وقف کر دی ہوتی ہے۔ ان میں ملائشیا کے مسٹر ابو بکر اتان، منگولیا کے مسٹر اوٹگونباتر چولٹم، مکاؤ کے مسٹر نم سونگ فنگ،چائنیز تائی پی کی مس منگ چو چیئن، میزبان ہانگ کانگ چائنہ کے مسٹر کینیٹھ فوک اورمسٹر پل کوان کائی شامل تھے۔ اس موقع پر چائنیز تائی سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کو ان کی شاندار کارکردگی پرسال 2024 کی بہترین سپورٹس میڈیا ایسوسی ایشن کا ایوارڈ دیا گیا جو ایسوسی ایشن کے صدر اور سیکرٹری نے وصول کیا۔

اس موقع پر صدر ہی دون جنگ نے انہیں شیلڈ پیش کی۔ جبکہ پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کی جانب سے کیپٹن حسین ال مسلم کو روایتی کلاہ لنگی پہنائی گئی۔اس تقریب میں ہانک کانگ سپورٹس پریس ایسوسی ایشن کے صدر چو چن فائی ریمنڈ کو بھی روایتی کلاہ لنگی کا تحفہ پیش کیا گیا۔