
چترال: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جناب سردار علی امین خان گنڈا پور کے ”عوامی ایجنڈا” کے تحت اور وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان و ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا طاشفین حیدر کی ہدایات پرضلعی سپورٹس آفیسر اپر چترال کی زیر نگرانی بونی انوائرمنٹل اکیڈمی کے تعاون سے ایک مثالی خواتین سائیکلنگ مہم کا کامیاب آغاز کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد کھیلوں کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا تھا۔یہ حوصلہ افزا اور یادگار سفر خیبرپختونخوا کے حسین و دلکش مقام شاندر جھیل (چترال) سے شروع ہوا اور بہا جھیل (پھندر، گلگت بلتستان) پر اختتام پذیر ہوا۔
سائیکلنگ خصوصی مہم میں پانچ باصلاحیت لڑکیوں نے حصہ لیا، جو چترال اور خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے نہ صرف اپنی قابلیت کا مظاہرہ کررہی تھیں بلکہ خواتین کی خودمختاری، ترقی اور برابری کے پیغام کو بھی آگے بڑھا رہی تھیں۔
یہ مہم نہ صرف جسمانی صحت، برداشت اور حوصلے کا امتحان تھی بلکہ ایک سماجی پیغام بھی تھا کہ خیبرپختونخوا کی خواتین ہر میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں اور انہیں کھیلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ضلعی سپورٹس آفیسر اپر چترال نے اس موقع پر کہایہ صرف سائیکلنگ نہیں بلکہ ایک علامتی سفر ہے جو مساوات، خود اعتمادی، اور ترقی کی جانب لے جا رہا ہے۔
ہم مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھیں گے تاکہ خیبرپختونخوا کی خواتین کو ہر سطح پر نمایاں مقام دلایا جا سکے۔تقریب کے آخر میں تمام شریک خواتین سائیکلسٹوں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا جبکہ بونی انوائرمنٹل اکیڈمی کی خدمات کو بھی سراہا گیا جنہوں نے اس بامقصد مہم کو ممکن بنایا۔