
پشاور: سکواش کے سابق عالمی چیمپئن لیجنڈ قمر زمان نے کہا کہ پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن اور خیبر پختونخوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے ورلڈ سپورٹس ڈے کا منانا ایک خوش آئند اقدام ہے انہوں نے یہ بات ورلڈ سپورٹس ڈے کی مناسبت سے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی یاد رہے کہ پوری دنیا اور ملک کے دیگر حصوں کی طرح پشاور میں بھی خیبر پختونخوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے تعاون سے عالمی یوم کھیلوں کی صحافت منایا گیا اس موقع پر قائمقام صدر سپورٹس رائٹر ایسوسی ایشن عمران یوسفزئی، جنرل سیکرٹری شاہد آفریدی، شکیل الرحمان، ارشد ڈار، قادر خان، ہاشم خان، اعجاز بٹ، کلیم قریشی، عظمت اللہ اور فرحان خلیل کے علاوہ پولیس کرکٹ ٹیم خیبر پختونخوا کے کوچ محمد تنویر اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی قمر زمان نے مزید کہا کہ میں آپ سب کو اس موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں میڈیا کا کردار کھیلوں میں بہت اہم ہوتا ہے ستر کی دہائی میں ہمیں بتایا گیا کہ دو اداروں میڈیا اور سپانسرز کو ساتھ لے کر چلو سپورٹس رایٹرز ایسوایشن خیبرپختونخوا کے قیام میں بھی میں شامل تھا اور اب یہ وقت آگیا ہے کہ کھیل بھی ڈیجیٹل ہوگئے ہیں کھلاڑیوں کو آگے لانے میں خیبر پختونخوا کے رایٹرز نے اہم کردار ادا کیا اور صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا جو کہ قابل تحسین ہے،قبل ازیں قائمقام صدر عمران یوسفزئی اور سیکرٹری جنرل شاہد آفریدی نے کہا کہ 1994سے یہ دن عالمی دن کے طور پرمنایا جارہاہے جس کا مقصد کھیلوں کی دنیا میں صحافیوں کے کردار کو سراہنا ان کے خدمات کا اعتراف کرنا اورنوجوان نسل کو اس شعبے کی طرف راغب کرنا ہے،آج کل کا دور ڈیجیٹل کی طرف بڑھ رہا ہے اور سپورٹس جرنلسٹس کو جدید دور کے ساتھ ہم اہنگ ہونے کی ضرورت ہے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ میڈیا کوریج نے بھی کھیلوں کے میدان آباد کر نے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں واضح رہے کہ سپورٹس جرنلسٹس کے عالمی دن کے موقع پر پشاور، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں تقریبات کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جارہا ہے۔