
پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے گذشتہ روز ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن کھیلوں کے فروغ کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ آج ہی کے دن کھیلوں کے شعبے سے وابستہ صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ وزیر کھیل نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کی علامت ہیں اور صحافی ان سرگرمیوں کو عوام تک پہنچا کر نہ صرف نوجوانوں کو مثبت رجحانات کی طرف راغب کرتے ہیں بلکہ قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔وزیر کھیل نے کہا کہ دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی یہ دن بھرپور جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے جس کا مقصد کھیلوں کے صحافیوں کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اور عوام کو کھیلوں کے مقابلوں سے باخبر رکھنے میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر کھیل نے کہا کہ سپورٹس جرنلسٹس ہماری آنکھ اور آواز ہیں جو کھیل کے میدانوں میں ہونے والی ہر سرگرمی کو ذمہ داری کے ساتھ رپورٹ کرتے ہیں۔خیبرپختونخوا حکومت کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سپورٹس میڈیا کی خدمات کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سید فخر جہان نے تمام سپورٹس جرنلسٹس کو ان کے دن کی مناسبت سے مبارکباد دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انکے باہمی تعاون سے حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کو صوبے کے ہر کونے میں کامیابی سے فروغ میں کامیاب ہوسکے گی۔