
اس دن کو منانے کا مقصد نوجوانوں نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے: ڈی جی سپورٹس
پشاور: پشاور سپورٹس کمپلیکس میں خیبر پختونخواہ اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اولمپک ڈے کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے باقاعدہ تقریب کا آغاز کیا۔ تقریب میں خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ہارون ظفرصوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ، صوبائی تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے چیئر مین الیاس آفریدی، صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد شیراز، صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدرکفایت اللہ،صوبائی آرچری ایسوسی ایشن کی صدر سارہ خان، صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عمر آیازکے علاوہ مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نے ٹیبل ٹینس، آرچری، ویٹ لفٹنگ، باکسنگ، ٹیک بال، تائیکوانڈو اور لان ٹینس کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے ساتھ گروپ فوٹو نکالے۔ پروگرام میں مختلف مقررین نے اولمپک گیمز کی تاریخ اور اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ ڈی جی سپورٹس نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہ اس دِن کو منانے کا مقصد نوجوانوں نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔صوبائی اولمپک ایسوسی کے صدر ہارون ظفر نے کہا کہ اولمپک ڈے کے حوالے سے ملک کے دوسرے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد خوش آئند بات ہے اولمپک ڈے پورے ملک میں سپورٹس تنظیمیں جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں۔پروگرام کے اختتام پر تمام شرکانے اولمپک ڈے کے حوالے سے واک بھی کی۔