
عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرتے ہوئے سوارڈ آف جلال الدین ایونٹ میں شاندار کامیابی
تاشقند، ازبکستان: پاکستان کے مایہ ناز ویٹ لفٹر اور کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ نے ایک بار پھر ملک و قوم کا نام

روشن کر دیا ہے۔ انہوں نے تاشقند میں منعقد ہونے والے ورلڈ اسٹرانگ مین گیمز 2025 کے نمایاں ایونٹ (‘سوارڈ آف جلال الدین) میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کے لیے ایک اور تاریخی اعزاز حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق فائنل مقابلے میں میزبان ملک ازبکستان کے کھلاڑی کو پاکستان کے مایہ ناز ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔ اس ایونٹ میں کھلاڑیوں کو 14 کلو گرام وزنی تلوار کو زیادہ سے زیادہ وقت تک فضاء میں بلند رکھنا ہوتا ہے جس میں طاقت، برداشت، توازن اور مہارت کا زبردست امتزاج درکار ہوتا ہے۔ تلوار کو سب سے زیادہ وقت تک بلند رکھنے والے بٹ نے ناقابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اور ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ شائقین کھیل اور حکومتی نمائندے اس عظیم کارنامے پر انہیں مبارک باد پیش کرتے رہے۔ ایونٹ میں کامیابی پر سوشل میڈیا پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
سوشل میڈیا پر ”گولڈ میڈل” اور ”نوح دستگیر بٹ” کے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں نوح دستگیر بٹ نے جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ کامیابی پاکستانی عوام کی ہے۔ میرا مشن ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام ہمیشہ فخر سے لیا جائے۔ یہ گولڈ میڈل میرے ملک کے لیے ہے۔ نوح دستگیر بٹ کی یہ شاندار جیت نہ صرف ان کی ذاتی محنت اور عزم کا ثبوت ہے بلکہ پاکستان میں پاور اسپورٹس اور ویٹ لفٹنگ کے فروغ کے لیے بھی ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔